پنجاب میں غنڈا گردی، قبضہ مافیا نہیں چل سکتا، مافیاز کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی، مریم نواز

maryam nawaz1786818299 0



پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں سیکیورٹی کے حوالے سے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں غنڈا گردی اور قبضہ مافیا نہیں شل سکتا ہے اور صوبے میں مافیاز کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر اور منظم اشتراک کار پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

اجلاس میں پیفٹاک میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہب کے قیام کو اداروں کے درمیان بروقت معلومات کے تبادلے کے لیے اہم اقدام قرار دیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابیوں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے خلاف آپریشن میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین اور آپریشن ضرب للہ الحق میں شہید کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور دیگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، کور کمانڈر لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور تسلی بخش قرار دیا۔

اجلاس کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب کے سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ کچے کے علاقے میں سوشل انفرا اسٹرکچر کے قیام کے لیے 93 منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، کچے کے علاقے میں اسمارٹ پولیس اسٹیشنز اور پولیس چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی، کچے کے علاقے میں 62 کروڑ روپے کی لاگت سے اسٹیل برج تعمیر کیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچے کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے اخراج کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جوان بیٹوں کو محاذ پر بھیجنے والے والدین ہم سے بہتر اور اعلیٰ ترین لوگ ہیں، پنجاب میں تمام ادارے باہمی اشتراک کار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیفٹاک کے ذریعے بروقت معلومات کا تبادلہ ممکن ہو رہا ہے، پاک فوج اور تمام اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے، امن و امان کے لیے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا پڑتا ہے، اسٹریٹ کرائم میں کمی سے عوام میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں غنڈا گردی اور قبضہ مافیا نہیں چل سکتا، پنجاب بھر میں مافیاز کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی، کرپشن میں ملوث ہونے پر پولیس کے 718 ملازمین کو ملازمت سے نکالا گیا، کچے کے علاقے میں امن و امان کے لیے کام کرنے والے تمام اداروں کو سلام اور شاباش دیتی ہوں، کچے کے علاقے میں صحت، تعلیم اور امن و امان کے لیے 30 ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی پیکیج دیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں پہلی مرتبہ بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد، عوام اور حکام کی شرکت او ر ایک ٹیم بن کر یکساں سمت میں کام کرنے سے کامیابی ملتی ہے، کچے کے علاقے میں مسلسل مانیٹرنگ اور ویجی لینس جاری ہے، مجموعی طور پر پنجاب میں امن و امان کی صورت حال حوصلہ افزا ہے، تاہم مختلف آپریشنز جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو امن و امان کے لیے ٹیکنالوجی سمیت تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، عوام کی سہولت کے لیے پولیس اہلکاروں کو باڈی وارن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے، سیف سٹی کا دائرہ کار پورے پنجاب تک پھیلا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیکیورٹی کے معاملے میں کوئی گیپ نہیں آنا چاہیے، پیشی اقدامات ضروری ہیں، مختلف چیلنجز کے باوجود عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اور ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، خطے کی صورت حال کے پیش نظر عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات سے بچانے پر بھی توجہ مرکوز ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ