کراچی:
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں قونصل جنرل اور سفارتی عملے نے ان کا خیرمقدم کیا۔
گورنر سندھ نے امریکا کے 250ویں یوم آزادی کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے امریکی حکومت اور عوام کو 250ویں یومِ آزادی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور عوامی روابط پر استوار ہیں، جبکہ معاشی اور تجارتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرکے ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔
امریکی قونصلیٹ میں منعقدہ تقریب میں سفارتی نمائندگان، سرکاری حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

