کراچی، فارم ہاؤس میں تقریب کے بہانے لڑکیوں کے 50 موبائل فون غائب، آرگنائزر فرار
مالک کے مطابق فارم ہاؤس کی بکنگ دوپہر 12 بجے سے شام 6 بجے تک کی گئی تھی
کراچی کے علاقے گڈاپ میں فارم ہاؤس پر تقریب کے دوران مبینہ طور پر 50 سے زائد لڑکیوں کے موبائل فون جمع کرکے ایونٹ آرگنائزر فرار ہوگیا پولیس نے فارم ہاؤس پہنچ کر منیجر کو حراست میں لے لیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق لڑکیاں دو بسوں میں سوار ہوکر فارم ہاؤس پہنچی تھیں، جہاں ایونٹ آرگنائزر سلمان نے مبینہ طور پر انہیں بتایا کہ تقریب کے دوران موبائل فون سے ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں، جس کے بعد تمام لڑکیوں کے موبائل فون جمع کرلیے گئے۔ تاہم موبائل فون جمع کرنے کے بعد آرگنائزر فرار ہوگیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 50 موبائل فون غائب ہوگئے۔
پولیس نفری نے اطلاع ملنے پر فارم ہاؤس پہنچ کر کارروائی کی اور وہاں موجود منیجر کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب فارم ہاؤس کے مالک نے بتایا کہ وقاص نامی شخص نے کوآپریٹو اسٹاف کی تقریب کے لیے بکنگ کرائی تھی اور انہیں بتایا گیا تھا کہ تقریب میں 50 سے 55 لڑکیاں اور دیگر عملہ شریک ہوگا، جبکہ پروگرام 3 سے 4 گھنٹے میں مکمل ہوجائے گا۔
مالک کے مطابق فارم ہاؤس کی بکنگ دوپہر 12 بجے سے شام 6 بجے تک کی گئی تھی، تاہم وقاص خود تقریب میں نہیں آیا بلکہ ایک شخص اور لڑکی فارم ہاؤس پہنچے تھے۔ تقریب کے لیے ڈیکوریشن اور دیگر سامان بھی فراہم کیا گیا، جس کے باعث بل میں اضافہ ہوگیا تھا۔
فارم ہاؤس مالک کا کہنا تھا کہ شام 5 بجے انہوں نے منتظمین کو تقریب کا وقت ختم ہونے اور بکنگ کی رقم ادا نہ کیے جانے سے متعلق آگاہ کیا، جس پر وقاص نے فون پر جلد پہنچنے کی یقین دہانی کرائی۔ اسی دوران عملے نے اطلاع دی کہ ایک نوجوان تمام لڑکیوں کے موبائل فون جمع کرکے فرار ہوگیا ہے۔
مالک کے مطابق متاثرہ لڑکیوں نے بتایا کہ موبائل فون یہ کہہ کر جمع کیے گئے تھے کہ تقریب میں باس کی تقریر ہوگی اور فون کی وجہ سے خلل پیدا ہوسکتا ہے، اس لیے تمام موبائل ایک جگہ رکھ دیے جائیں۔
فارم ہاؤس مالک نے مزید بتایا کہ بکنگ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل کیا گیا تھا اور اس حوالے سے تمام ریکارڈ بھی موجود ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے، جبکہ مبینہ طور پر فرار ہونے والے ایونٹ آرگنائزر اور غائب موبائل فونز کی تلاش جاری ہے۔

