الیکشن کمیشن نے 20 مہینے میں 18-20 چیف الیکٹورل افسران کے تبادلے کیے

Cec Gyanesh Kumar PIB Photo


چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار۔ تصویر بہ شکریہ:پی آئی بی

فروری 2025 میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے عہدہ سنبھالنے کے بعد بیس مہینوں کے دوران تقریباً 20 چیف الیکٹورل افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں۔ اس کے مقابلے ان کے پیش رو راجیو کمار کے 33 مہینوں میں 23 تبادلے ہوئے تھے، وہیں سابق سی ای سی سنیل اروڑہ اور سشیل چندرا کے 41 مہینوں کی مدت میں 29 تبادلے ہوئے تھے۔

نئی دہلی: ملک میں کئی جگہوں  پر ایس آئی آر، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور الیکشن کمیشن کے کام کاج کے خلاف غصےکے درمیان یہ بات سامنے آئی ہے کہ 2025 اور 2026 کے دوران الیکشن کمیشن نے مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں چیف الیکٹورل افسران (سی ای او)کے 18 سے 20 تبادلے کیے ہیں۔

واضح ہو کہ ان دونوں برسوں میں ایس آئی آر کا عمل جاری تھا۔

دی اکنامک ٹائمز میں چھپی صحافی انوبھوتی وشنوئی کی رپورٹ بتاتی ہے کہ فروری 2025میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ہونے والی اس پھیر بدل میں کمیشن کے سینئر افسران ، جن میں ڈپٹی الیکشن کمشنر(ڈی ای سی)بھی شامل ہیں۔ بیس مہینے کی اس مدت میں تبادلوں کی تعداد نسبتاً سب سے زیادہ رہی ہے۔

سال2025میں آٹھ سے نو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سی ای او بدلے گئے، اور اس کے بعد 2026میں کم از کم 10اور  تبادلے ہوئے۔ حالاں کہ الیکشن کمیشن عموماً کام میں تسلسل بنائے  رکھنے کے لیے سی ای او کو کم از کم تین سال تک ایک ہی عہدے پر رکھتا ہے، لیکن تبادلے کیے جانے والے افسران میں کم از کم سات ایسے تھے، جنہوں نے اپنے عہدے پر دو سال سے بھی کم وقت گزارا تھا۔

یہ تبادلے اپریل 2025میں بہار سے، وہاں ایس آئی آر کی قواعد سے پہلے شروع ہوئے،  اور پھر  ناگالینڈ، چھتیس گڑھ، جموں و کشمیر، ہریانہ، مدھیہ پردیش، کرناٹک، منی پور اور لداخ سمیت کئی دیگر جگہوں پر بھی تبادلے ہوتے رہے۔ 2026میں پنجاب، دہلی، گجرات، سکم اور چنڈی گڑھ میں بھی ایسے تبادلے کیے گئے۔

لکشدیپ میں نومبر 2025سے اکتوبر 2026 کے درمیان تین مختلف سی ای او رہے۔ مغربی بنگال اور کیرالہ کے اسمبلی انتخابات کے بعد بھی اہم تبادیلے دیکھنے کو ملے، جہاں سابق سی ای او کا تبادلہ دوسرے بڑے سرکاری  عہدوں پر ہوا۔

اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن میں ڈپٹی الیکشن کمشنر کی سطح پر بھی کافی پھیر بدل ہوئے۔ سنجے کمار کی اگست میں واپسی کے بعد مئی 2025میں بھانو پرکاش یتورو، ستمبر 2025میں پون کمار شرما اور اکتوبر 2026 میں پرکاش راج پروہت کی اہم تقرریاں ہوئیں۔

اگر اس کا موازنہ سابق چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے دور سے کیا جائے تو مئی 2022سے فروری 2025 تک اپنے 33 مہینے کی مدت میں، جس کے دوران 2024کے لوک سبھا انتخابات بھی ہوئے تھے، انہوں نے تقریباً 13 سی ای او کے تبادلے کیے تھے۔

اخبار نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان سے پہلے کے چیف الیکشن کمشنروں، سنیل اروڑہ (2018 سے 2021) اور سشیل چندرا (اپریل 2021 سے مئی 2022) کے 41مہینوں کی مدر میں، جس میں 2019کے عام انتخابات ہوئے تھے، میں تقریباً 29 تبادلے ہوئے تھے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ