
(ویب ڈیسک)آسٹریلوی خاتون رکن پارلیمنٹ ہیلن ہینز گاڑی سے مبینہ طور پر دانستہ ٹکر مارے جانے کے واقعے میں دونوں ٹانگوں سے محروم ہوگئیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خاتون رکن اسمبلی کے شوہر فل ہینز نے تصدیق کی کہ اس خوفناک واقعے میں ان کی اہلیہ کو شدید چوٹیں آئیں تاہم ان کی ذہنی حالت اور دل کی صحت تسلی بخش ہے۔
یہ واقعہ پیر کو آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کے قصبے وانگارٹا میں پیش آیا تھا جہاں 43 سالہ برینڈن نیوجنٹ نے مبینہ طور پر قتل کی نیت سے اپنی گاڑی ہیلن ہینز پر چڑھا دی تھی۔
واقوے کے وقت وہ اپنے انتخابی حلقے کے دفتر کے باہر موجود تھیں۔ ہیلن ہینز کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی اور ان کی ایک ٹانگ کاٹی گئی تھی۔
ملزم کو واقعے کے فوراً بعد گرفتار کرلیا گیا۔ وہ بدھ کو پہلی مرتبہ عدالت میں پیش ہوا، جہاں اس پر خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے شدید زخمی کرنے، جان بوجھ کر شدید نقصان پہنچانے اور دولتِ مشترکہ کے ایک عہدیدار کو زخمی کرنے سمیت تین الزامات عائد کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے خلاف اقدامِ قتل سمیت مزید الزامات بھی عائد کیے جاسکتے ہیں۔
ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کو ذہنی صحت سے متعلق مسائل درپیش ہیں تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ عدالت میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسے ریڑھ کی ہڈی میں سوزش کی ایک نایاب بیماری لاحق ہے۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے پیچھے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے اور تحقیقات جاری ہیں۔ اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا منشیات یا ادویات کے استعمال کا واقعے سے کوئی تعلق تھا۔
واضح رہے کہ ہیلن ہینز 2019 میں پہلی مرتبہ پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ واقعے پر آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب کا دفاع، پاکستان کے بعد ترکیہ کا بڑا فیصلہ

