تہران: ایران کے دارالحکومت تہران کے تجریش اسکوائر میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دکھانے والی ایک غیر معمولی عوامی تنصیب نصب کی گئی ہے، جس میں ٹرمپ کے ماسک میں ملبوس ایک اداکار فرضی کوٹھڑی کے اندر حرکت کرتا نظر آ رہا ہے۔
بدھ 21 اکتوبر کو نمودار ہونے والی اس بل بورڈ نما تنصیب میں اداکار سیاہ سوٹ اور سرخ ٹائی پہنے، ٹرمپ سے مشابہ ماسک لگائے، سلاخوں کو پکڑتا، چلتا پھرتا اور بیٹھتا رہا۔ اس کے ساتھ درج نعرہ تھا: ”اس منظر کو نہ دیکھنا ایک جرم ہے۔“
تنصیب کو دیکھنے کے لیے راہ گیر رکے، تصاویر اور ویڈیوز بنائیں، جبکہ ٹریفک میں بھی رکاوٹ پیدا ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق یہ منظر ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ اور شہری مقامات پر مبینہ حملوں کے خلاف احتجاج کا حصہ ہے۔
تنصیب کے قریب نصب اسکرین پر امریکی ”جنگی جرائم“ کے خلاف پیغامات دکھائے گئے، جبکہ ایرانی حکام کے قریب میڈیا نے اسے شہری ہلاکتوں کے خلاف انصاف کے مطالبے کا اظہار قرار دیا۔
رپورٹس کے مطابق تنصیب میں جنوبی ایران کے شہر سرکک میں ستمبر کے اوائل میں شادی کی تقریب پر مبینہ امریکی حملے کا حوالہ بھی دیا گیا، جس میں ایرانی ذرائع کے مطابق دو خواتین اور دو بچے ہلاک اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

