دبئی میں منعقدہ عرب ریڈنگ چیلنج کے دسویں ایڈیشن میں مصر کی ۱۱ سالہ طالبہ مایار عثمان الشورباغی نے ۶۰ ممالک کے ۴ کروڑ سے زائد طلبہ کو پیچھے چھوڑ کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہیں ۵ لاکھ درہم کا انعام دیا گیا۔ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جمعرات کو ہونے والی تقریب میں دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے انہیں اعزاز سے نوازا۔
تیونس کے سیدی عامر پرائمری اسکول نے بہترین اسکول کا ۱۰ لاکھ درہم کا انعام جیتا، جو شیخ سیف بن زاید آل نہیان نے پیش کیا۔ شام کے نابینا طالب علم محمود عمران نے ’’پیپل آف ڈٹرمینیشن‘‘ زمرے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم سے ۲ لاکھ درہم کا انعام وصول کیا۔
اس ایڈیشن میں شرکت کا نیا ریکارڈ بنا۔ ۴ کروڑ سے زائد طلبہ، ۱,۳۸,۴۲۶ اسکولوں اور ۱,۶۱,۵۰۷ نگرانوں نے حصہ لیا، جن میں خصوصی ضروریات والے ۷۴,۰۶۲ طلبہ بھی شامل تھے۔ ۲۰۱۵ میں شروع ہونے والے اس چیلنج میں اب تک ۲۰ کروڑ ۳۰ لاکھ سے زائد طلبہ شریک ہو چکے ہیں اور دس برسوں میں ۱۱ کروڑ درہم کے انعامات مختص کئے گئے۔ پہلے ایڈیشن میں ۳۶ لاکھ طلبہ شریک تھے۔

