فخر زمان کی سینچری نے سری لنکا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، پاکستان  نے سہ ملکی سیریز جیت لی

399585 540383281


اوپننگ بلے باز فخر زمان نے شاندار سینچری کے ساتھ فارم میں واپسی کرتے ہوئے ہفتے کو لاہور میں سہ ملکی کرکٹ سیریز کے فائنل میں پاکستان کو سری لنکا کے خلاف تین وکٹوں سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

گزشتہ چار میچوں میں صرف 31  رنز بنانے والے فخر زمان نے خراب فارم سے نکلتے ہوئے 99  گیندوں پر 127  رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس کی بدولت پاکستان نے 326  رنز کا ہدف نو گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔

سری لنکا کے فاسٹ بولر دلشان مدوشنکا نے 34 ویں اوور میں فخر زمان کو آؤٹ کیا جب پاکستان کو فتح کے لیے مزید 106 رنز درکار تھے تاہم عرفات منہاس (61)  اور حسن نواز (ناٹ آؤٹ 37) نے چھٹی وکٹ کے لیے 94  رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

عرفات منہاس نے اپنی 31  گیندوں کی اننگز میں چار چھکے اور تین چوکے لگائے۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی نے فاتحانہ چھکا لگا کر تماشائیوں سے بھرے قذافی سٹیڈیم میں جشن کا سماں باندھ دیا۔

یہ پاکستان کی اپنی سرزمین پر سہ ملکی سیریز میں پہلی ٹائٹل فتح ہے۔ اس سے قبل پاکستان کو 1994، 2004 اور  2025  میں سہ ملکی سیریز کے فائنلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

فخر زمان نے اپنی 12ویں ون ڈے سینچری کے دوران 11 چوکے اور چھ چھکے لگائے اور پاکستان کو خراب آغاز کے بعد اس وقت سنبھالا جب معاذ صداقت پانچ اور بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے اور ٹیم کا مجموعی سکور صرف 14 رنز تھا۔

فخر زمان نے سعد بیگ کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 140  گیندوں پر 149 رنز کی شراکت قائم کی۔ سعد بیگ نے 74 رنز بنائے اور اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سینچری مکمل کی۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ انہیں فخر زمان کی صلاحیتوں پر ہمیشہ اعتماد رہا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا: ہم نے بولنگ میں شاندار واپسی کی، لیکن پھر بیٹنگ میں ایک بار دوبارہ وکٹیں تیزی سے گر گئیں، تاہم فخر نے شاندار اننگز کھیلی۔

فخر زمان نے اپنے 97 ویں ون ڈے میچ میں چار ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے شکست کی ایک وجہ ناقص فیلڈنگ کو قرار دیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کوشل مینڈس نے فخر زمان کا 69 رنز پر کیچ چھوٹنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ہم نے ضرورت سے 25  سے 30  رنز کم بنائے لیکن ہمارے بولرز نے اچھی کارکردگی دکھائی تاہم فیلڈنگ میں غلطیوں کے باعث انہیں مطلوبہ تعاون نہیں مل سکا۔

میچ کے شروع میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد کامندو مینڈس نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سینچری بناتے ہوئے 131  رنز کی اننگز کھیلی اور سری لنکا کا مجموعہ آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 325  رنز تک پہنچایا۔

کامندو مینڈس اور پون رتھنائیکے نے تیسری وکٹ کے لیے 146 رنز کی شراکت قائم کی تاہم پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے دو اوورز کے دوران کامندو مینڈس اور داسن شناکا (17) کو آؤٹ کر دیا۔

کامندو مینڈس اور اویشکا فرنینڈو (38)  نے ابتدائی 18  اوورز کے اندر پہلی وکٹ کے لیے 87  رنز کی شراکت قائم کر کے سری لنکا کو بڑے مجموعی سکور کی بنیاد فراہم کی۔

سپنر سلمان آغا نے اویشکا فرنینڈو اور کوشل مینڈس (8)  کو آؤٹ کر کے پاکستان کو دو اہم کامیابیاں دلائیں۔ انہوں نے 44  رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

تاہم کامندو مینڈس نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اننگز کو آگے بڑھایا۔

 انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے سابقہ بہترین سکور 64  رنز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

پاکستانی بولرز نے آخری پانچ اوورز میں شاندار واپسی کرتے ہوئے صرف 38  رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکا کو مزید بڑا سکور بنانے سے روک دیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے 50  رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے بھی دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ