لاہور:
ٹریفک پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ اور تیز رفتاری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سی بی ڈی روڈ پر ریسنگ کرنے والی دو گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔
ڈی ایس پی اشفاق احمد کے مطابق پراڈو اور کرولا میں سوار ڈرائیور ایک دوسرے کے ساتھ ریس لگا رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر ٹریفک پولیس نے ناکے پر دونوں گاڑیوں کو روک کر ڈرائیورز کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ڈرائیورز کی شناخت رجب شہزاد اور علی عاصم کے نام سے ہوئی ہے، جن کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کرکے گاڑیوں سمیت حوالات منتقل کردیا گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر بھر میں ڈرفٹنگ اور تیز رفتاری کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

