مڈٹرم انتخابات سے پہلے ٹرمپ انتظامیہ کو بڑا دھچکا لگ گیا
امریکا میں مڈٹرم انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت قریب آتے ہی سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں
امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہونے سے قبل ٹرمپ انتظامیہ کو عدالتی محاذ پر ایک اور دھچکا لگ گیا جہاں امریکی سپریم کورٹ نے ریاست کیلیفورنیا میں متنازع ووٹوں کی گنتی روکنے سے متعلق حکومتی درخواست مسترد کردی۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بعض ووٹرز امریکی شہری نہیں ہیں جس کے باعث ان کے ووٹوں کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
دوسری جانب امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت قریب آتے ہی سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ مختلف سرویز کے مطابق ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمائندگان میں برتری حاصل ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ادھر سینیٹ کی 7 اہم نشستوں پر ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی ممکنہ کامیابی کے پیش نظر ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کی حمایت کے بغیر حکومتی معاملات چلانے کے لیے متبادل حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے۔

