بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزا نہیں، بیرسٹر گوہر

gohar pti1780918406 0



اسلام آباد:

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزا نہیں جس پر پوری قوم کو تشویش ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے سپریم کورٹ میں کیس کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک ملاقات تو ہوگئی ہے بیرسٹر سلمان صفدر کی جس میں ہمیں خان صاحب کی صحت کے بارے میں معلومات اور کیسز کے حوالے سے کچھ ہدایات ضرور ملی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزا نہیں جس پر پوری قوم کو تشویش ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کی درخواست کی ہے، اس حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو شفٹ کرنے اور علاج کی ہدایت کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا گیا تھا، سپریم کورٹ سے کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی استدعا کی ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں سیاسی تناؤ مزید نہیں بڑھنا چاہیے، اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے،  ارکان اسمبلی، کارکنوں اور سپورٹرز کو اٹھانے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی اور علاج سے متعلق فیصلے کیے جائیں، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں جیل میں ہیں، تاحال ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو فوری رہا کیا جائے۔

قبل ازیں بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے سپریم کورٹ میں کیس کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔

سینیٹر مشال یوسفزئی نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اس وقت جیل میں ہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت کے مسائل آ رہے ہیں۔

سینیٹر مشال یوسفزئی  نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس چار ہفتے گزرنے کے باوجود تاحال فکس نہیں ہو سکا، ہمیں بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل سے احوال معلوم ہوا ہے، قید تنہائی کے سبب بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر 192 تک شوٹ کر جاتا ہے۔

مشال یوسفزئی نے کہا کہ سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کیس اگلے ہفتے کیلئے فکس کیا جائے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ