انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ ایک نئے پرائیویسی فیچر کی تیاری کر رہی ہے جس کے ذریعے صارفین کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ فیصلہ کر سکیں کہ ان کا فون نمبر کون دیکھ سکتا ہے اور کون نہیں۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق اس فیچر کا انکشاف اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.26.45.1 میں ہوا ہے۔ نئے فیچر کے تحت صارفین کو فون نمبر کی نمائش کے لیے چار آپشنز دیے جائیں گے جن میں سبھی افراد، صرف رابطوں میں موجود افراد، منتخب رابطوں کے علاوہ دیگر افراد اور کوئی بھی نہیں شامل ہیں۔
ان سیٹنگز کے ذریعے صارفین یہ طے کر سکیں گے کہ واٹس ایپ پر کالز اور چیٹس کے دوران ان کا فون نمبر کن افراد کو دکھائی دے۔
رپورٹ کے مطابق یہ سہولت صرف ان صارفین کو دستیاب ہوگی جنہوں نے واٹس ایپ پر اپنا یوزرنیم بنایا ہوگا۔ تاہم، اگر کسی شخص کے پاس پہلے سے صارف کا فون نمبر موجود ہے تو وہ اسے کالز اور چیٹس میں دیکھ سکے گا۔
فی الحال واٹس ایپ پر یوزرنیم کے ذریعے رابطہ کرنے والے افراد سے صارف کا فون نمبر خودکار طور پر چھپا رہتا ہے۔ نئے فیچر میں فون نمبر چھپانے کی ڈیفالٹ سیٹنگ ’نو بڈی‘ رکھی جائے گی، جس کے تحت صارفین کو اپنا نمبر پوشیدہ رکھنے کے لیے کوئی اضافی تبدیلی نہیں کرنا پڑے گی۔
دوسری جانب، جو صارفین کاروباری یا دیگر مقاصد کے لیے اپنا فون نمبر دوسروں کو دکھانا چاہتے ہیں، وہ اپنی ضرورت کے مطابق پرائیویسی سیٹنگ تبدیل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ کا یہ فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور اس کے اجرا کی تاریخ کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
Source link

