
(ویب ڈیسک) مصر میں دو ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 150 افراد زخمی ہو گئے۔
مصری میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کی نیشنل ریلوے اتھارٹی نے بتایا کہ یہ حادثہ گیزا گورنریٹ کے جنوب میں واقع علاقے ‘العیات’ (El-Ayyat) میں کفر عمار اور الرقہ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیا،اس حادثے میں ایک مسافر ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
خبر رساں ادارے نے ایک باخبر ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کم از کم 150 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہڈیوں کے ٹوٹنے اور جسم پر چوٹیں آنے جیسے زخم آئے ہیں۔
ریلوے اتھارٹی نے بتایا کہ گیزا سے فیوم جانے والی ٹرین نمبر 134 اور قاہرہ سے اسوان جانے والی ٹرین نمبر 2010 کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے اثرات سے نمٹنے اور ریلوے سروسز کو بحال کرنے کے لیے ہنگامی امدادی ٹیمیں اور کرینیں جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئیں۔
مصر کے وزیر صحت و آبادی، خالد عبدالغفار نے جیزہ اور بنی سویف گورنریٹس (صوبوں) کے اسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنی تیاریوں کو مزید بڑھا دیں۔
پراسیکیوٹر جنرل نے بھی جائے وقوعہ پر ایک تحقیقاتی ٹیم بھیجی ہے تاکہ تصادم کے حالات کا تعین کیا جا سکے اور متاثرین کی تعداد اور نقصان کی نوعیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پی پی 203 ضمنی انتخاب: 10 پولنگ سٹیشنز کے نتائج، ن لیگ کے اسد حنیف جٹ کو برتری

