آپ جانتے ہیں کہ بھلے تیل اور قیمتی معدنیات ( بشمول سونا چاندی اور ہیرے ) اور کرنسی کہیں کی بھی ہو۔ان کا روزانہ بھاؤ لندن اور نیویارک میں ہی کھلتا ہے ۔نیویارک کی وال اسٹریٹ کو چھینک آتی ہے تو باقی اسٹاک ایکسچینجز کو زکام ہو جاتا ہے۔ڈالر عالمی لین دین کا بادشاہ ہے۔ہر شے کی قیمت طے ہونے کی بنیاد ڈالر ہے۔یہ ہے آپ کا عالمی نظامِ معیشت جسے مغرب کنٹرول کرتا ہے۔
تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا سرچشمہ امریکا ہے۔ان پلیٹ فارمز کی چابی چند ہاتھوں میں ہے۔یہ ہاتھ سیدھے رہیں تو آپ کی روزمرہ زندگی رواں رہے گی۔یہی ہاتھ الٹے پڑ جائیں تو بینکنگ ، بین الاقوامی تجارت اور ٹرانسپورٹ سمیت ہر کلیدی شعبہ چوپٹ ہو جائے۔
ہم تک جو عالمی خبریں پہنچتی ہیں ان میں سے نوے فیصد معدودے چند مغربی خبررساں ایجنسیوں کے توسط سے ہی پہنچ سکتی ہیں۔یہ خبریں پڑھ اور سن سن کے ہماری جو رائے بنتی ہے وہ دراصل مغربی ایجنڈے کے خبری ذرائع سے ہی تشکیل پاتی ہے مگر ہم اسے اپنی ’’ آزادانہ و شعوری رائے ‘‘ سمجھ کر ہر کس و ناکس پر رعب جھاڑتے رہتے ہیں۔
ایسا نہیں کہ دنیا نے اس ’’ اطلاعاتی سامراجیت ‘‘ کے پنجے سے نکلنے کی کوشش نہیں کی مگر اب تک جتنی بھی کوششیں ہوئی ہیں چند ایک کو چھوڑ کے باقی سب یا تو دم توڑ گئیں یا محدود ہو گئیں۔
اطلاعاتی سامراجیت کی تاریخ بھی روائیتی سامراجیت کی پیش قدمی کے شانہ بشانہ رہی اور جب نوآبادیات کو علامتی آزادی ملی تو ان پر نیو کولونیل ازم مسلط ہو گیا اور اطلاعات کی ترسیل بھی اس نیو کولونیل ازم کا پرزہ بن گئی۔
کہانی انیسویں صدی میں سامراجیت کے عین عروج سے شروع ہوتی ہے جب ٹیلیگراف کی انقلابی ایجاد کے نتیجے میں کمیونیکیشن کو پر لگ گئے۔یورپ کے سب سے طاقتور ملک جرمنی میں وولف ٹیلی گرافک بیورو کے نام سے سلطنت کی پہلی خبررساں ایجنسی قائم ہوئی۔نصف دنیا پر حکمران برطانیہ عظمیٰ کے لندن میں اٹھارہ سو اکیاون میں رائٹرز نیوز ایجنسی قائم ہوئی اور دوسری بڑی عالمی نو آبادیاتی طاقت فرانس میں اڑانس ہواس کا قیام ہوا جو بعد ازاں اڑانس فرانس پریس ( اے ایف پی ) بن گئی۔
اٹھارہ سو انسٹھ میں تینوں خبررساں اداروں نے ایک مثلث کارٹیل بنا کر دنیا کو آپس میں بانٹ لیا۔یعنی کون سی نیوز ایجنسی کس علاقے کو کور کر کے بقیہ دو ایجنسیوں کو فراہم کرے گی۔
دوسری عالمی جنگ کے بعد جب نوآبادیات تیزی سے آزاد ہونے لگیں تو نوآزاد لوگوں نے یہ سوال بھی اٹھانا شروع کیا کہ ہم خبری اعتبار سے آخر کب آزاد ہوں گے ؟ اس دور میں بھارت کے نہرو ، مصر کے جمال ناصر ، گھانا کے کوامے نکرومہ ، انڈونیشیا کے سوئیکارنو اور یوگوسلاویہ کے مارشل ٹیٹو نو آزاد ممالک کے غیر اعلانیہ رہنماؤں کے طور پر ابھرے اور ان کی کوششیں انیس سو اکسٹھ میں بلغراد میں غیر جانبدار تحریک کی شکل میں بار آور ثابت ہوئیں جس کا بیج دراصل انیس سو پچپن کی بنڈونگ کانفرنس میں پڑ چکا تھا۔
غیر جانبدار تحریک پچیس بنیادی ارکان سے شروع ہوئی اور انیس سو ستر کی دہائی تک اس کلب کی رکنیت نوے تک جا پہنچی۔بالخصوص فیدل کاسترو ، معمر قذافی اور یاسر عرفات جیسے رہنماؤں کی شمولیت نے اسے ایک مزاحمتی شناخت فراہم کر دی۔گفتگو کا محور غیر جانبداری کے بجائے بین الاقوامی تعلقات میں عدم توازن کے خاتمے کی جانب مڑتا چلا گیا۔
ایک نئے عالمی اطلاعاتی نظام کی بحث اقوامِ متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو کی غلام گردشوں میں بھی جا پہنچی۔ترقی پذیر ممالک کو شکائیت تھی کہ بین الاقوامی اطلاعاتی نظام پر مسلط مغربی ادارے تیسری دنیا کی کوریج تب کرتے ہیں جب وہاں وبائیں ، جنگیں ، خانہ جنگیاں اور دیگر منفی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔کیونکہ یہ مال ان اداروں کے قارئین ، سامعین اور ناظرین میں خوب بکتا ہے۔لہذا کسی مثبت خبر کی گنجائش ہی نہیں پیدا ہوتی۔یعنی خبر آگہی کے بنیادی انسانی حق سے پھسل کر ایک قابلِ فروِخت منافع بخش جنس میں بدل چکی ہے۔
چنانچہ یہ سوچ تیزی سے پروان چڑھی کہ ایک دوسرے کے سماجی و معاشی و سیاسی حالات سے اگر باخبر رہنا ہے تو پھر ترقی پذیر ممالک کو اپنا اطلاعاتی نظام قائم کرنا پڑے گا۔اس سوچ کے تحت انیس سو پچھتر میں غیر جانبدار تحریک کے مشترکہ خبری اتحاد ِ( ناناپ ) کی بنیاد پڑی۔ اس کا بنیادی انتظام یوگوسلاویہ کی خبررساں ایجنسی ( تین یگ ) نے سنبھالا۔اس زمانے میں یوگوسلاویہ مشرقی یورپ کی دیگر ریاستوں کے برعکس سوویت کیمپ اور مغربی دنیا دونوں کا ناقد تھا۔
تن یگ نہ صرف یوگوسلاویہ کی اندرونی خبریں تیسری دنیا کی نیوز ایجنسیوں کو فراہم کرتی رہی بلکہ مختلف زبانوں کی خبریں بھی ترجمہ کر کے نیوز پول میں شامل ایشیا ، افریقہ اور لاطینی امریکا کی ایجنسیوں کو بھیجتی تھی۔مگر انیس سو نوے کی دہائی میں خود یوگوسلاویہ ہی ٹوٹ گیا۔
لاطینی امریکا میں ارجنٹینا ، برازیل اور یوروگوئے کے چند صحافیوں نے مل کر انیس سو چوہتر میں تھرڈ ورلڈ میگزین تین زبانوں ( پرتگیزی ، ہسپانوی اور انگریزی ) میں شائع کرنا شروع کیا۔ایک وقت میں صرف اس کے پرتگیزی ایڈیشن کی اشاعت ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ گئی۔یہ میگزین دو ہزار چار تک نکلتا رہا اور غیر جانبدار تحریک کے رکن ممالک کے ایک سو آٹھ خبری اداروں کے اتحاد میں شامل رہا اور لاطینی قارئین کو ایشیا اور افریقہ کے معاملات اور فلسطین کے بارے میں عرب عوام کے موقف سے بخوبی آگاہ کرتا رہا۔بالخصوص جنوبی افریقہ میں نسلی امتیاز اور افریقہ میں آزادی کی دیگر تحریکوں کے بارے میں مغربی نیوز ایجنسیوں کے تقریباً بلیک آؤٹ کو تھرڈ ورلڈ جیسے میگزینز نے توڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انیس سو ستتر میں غیر جانبدار تحریک کے خبری اتحاد نے ایک براڈکاسٹنگ تنظیم بھی قائم کی۔مگر رکن ممالک کی نشریاتی پالیسیوں میں تال میل کی کمی کے سبب یہ منصوبہ بار آور ثابت نہ ہو سکا۔غیر جانبدار تحریک کے بہت سے رکن ممالک اقتصادی امداد کے لیے مغرب کی جانب دیکھنے پر بھی مجبور تھے اور یہ امداد ہمیشہ ، سیاسی و اطلاعاتی شرائط سے مشروط رہی۔
عراق اور ایران دونوں غیر جانبدار تحریک میں شامل تھے۔ان کی آٹھ سالہ جنگ اس اتحاد کو کمزور کرنے والے کئی عناصر میں سے ایک تھی۔اسی طرح پاکستان اور بھارت تحریک میں تو شامل رہے مگر دونوں ممالک کے خبری ادارے ایک دوسرے سے اطلاعاتی اشتراک میں ریاستی داؤ کے سبب ہمیشہ جھجکتے رہے۔
انیس سو اسی میں یونیسکو سے ’’ ایک دنیا کئی آوازیں ‘‘ کے عنوان سے اطلاعاتی نظام میں عدم توازن سے متعلق مفصل رپورٹ شائع کی اور اس کی بنیاد پر کئی کانفرنسیں اور سیمینار ہوئے۔امریکا اور برطانیہ سے یہ برداشت نہ ہو سکا اور دونوں طاقتوں نے یونیسکو سے انیس سو چوراسی اور پچاسی میں بالترتیب علیحدگی اختیار کر لی۔ان کے نکلنے سے تنظیم کو شدید مالیاتی دھچکا لگا۔
انیس سو چھیانوے میں دوہا میں الجزیرہ نیوز نیٹ ورک کا قیام متبادل نظامِ اطلاعات کے خواب کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا۔اب اس ادارے کو تیس برس مکمل ہو چکے ہیں۔
غیر جانبدار تحریک تو عملاً قصہِ پارینہ بن گئی مگر متبادل نظامِ اطلاعات کا خواب زندہ ہے۔
(وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیے bbcurdu.com اورTweeter @WusatUllahKhan.پر کلک کیجیے)

