پاکستان نے ہفتے کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شامل ملکوں کی تہذیبوں کے درمیان تعاون کے لیے تین نکاتی فارمولہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کے رکن ممالک میں ثقافتی اداروں کے نیٹ ورک کی ضرورت ہے۔
سرکاری پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے مطابق یہ فارمولہ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزارتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے پیش کیا۔
فارمولے میں ایس سی او کے ثقافتی اداروں کا نیٹ ورک، ڈیجیٹل ذخیرہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والے ورثے کا فریم ورک شامل ہیں۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو تہذیب کا دشمن قرار دیتے ہوئے پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلابوں کا ذکر کیا، جنہوں نے سندھ میں تباہی مچائی اور موہنجو داڑو کی دیواریں گرنے کا باعث بھی بنے۔
انہوں نے کہا: ’2022 میں ہمارے ملک میں سیلاب آئے۔ ایک سیلاب میں 1700 افراد جان سے گئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ چار دن کی بارش میں، ’وہ دیوار، جسے 4500 سال تک کوئی نہیں گرا سکا‘ اسے موسمیاتی تبدیلی نے گرا دیا۔
اسی جذبے کے تحت مصدق ملک نے تین نکاتی فارمولہ پیش کیا۔
انہوں فارمولے کے پہلے نکتے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں ثقافتی اداروں کے نیٹ ورک کی ضرورت ہے۔‘ انہوں نے پاکستان کے لوک ورثہ اور پی این سی اے کے اداروں کو مرکزی اداروں کے طور پر پیش کیا۔
دوسرے نکتے کے طور پر ڈیجیٹل ذخیرے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم مل کر چیزیں بنا سکتے ہیں، لیکن اے آئی میں انقلاب آ چکا ہے اور مشین لرننگ میدان عمل میں ہے۔
بقول مصدق ملک: ’ٹیکنالوجی کے اس نئے دور میں، کیا یہ حیرت انگیز نہیں ہے کہ ہم ایک ڈیجیٹل ذخیرہ، ایک ورچوئل رئیلٹی بنا سکتے ہیں، جو ان منفرد تحفوں کو پیش کر سکتی ہے جو قدرت نے ہمیں دیے ہیں، ان منفرد تحفوں کو جو تاریخ نے ہمیں دیے ہیں، اور انہیں دنیا کے سامنے پیش کر سکتی ہے؟‘
NewDelhi: Federal Minister Dr Musadik Malik met Tajikistan’s Minister of Culture, Ms Matlubakhon Sattoriyon, at the SCO forum in New Delhi. He called for more people-to-people exchanges and proposed a Virtual Green University for joint work on climate, culture and research. https://t.co/QdpoCOtNwe
— Senator Musadik Office (@Team_Musadik) November 21, 2026
تیسرے نکتے میں انہوں نے آئندہ 2027 کے ایس سی او اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے والے ورثے کا فریم ورک بنانے پر زور دیا۔
مصدق ملک نے نیپال کے تباہ کن سیلابوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ خطے کو موسمیاتی تبدیلی پر تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اگلے سال پاکستان میں ایس سی او اجلاس میں سب کو مدعو کیا اور ’سب‘ پر زور دیا۔
انہوں نے اس دوران اردو میں خطاب کرنے کا انتخاب کیا اور کئی شاعرانہ اور فلسفیانہ حوالے دیے۔
قبل ازیں ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے جمعے کو انڈیا اور پاکستان سمیت خطے کے ممالک کے درمیان تہذیبی روابط اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ مکالمہ ہمیشہ مختلف شناختوں اور اکائیوں کے درمیان ہوتا ہے اور خطے میں اس کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔
ایس سی او کے پہلے کلچرل فورم میں شرکت کے موقعے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یکسانیت کے لیے مکالمے کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ وہاں صرف یک طرفہ گفتگو یعنی ’یک کلامی‘ ہی کافی ہوتی ہے، جبکہ مکالمہ دراصل تنوع کے بارے میں ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈیا اور پاکستان کے درمیان تہذیبی روابط سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ نہ صرف انڈیا اور پاکستان بلکہ روس، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان بھی باہمی مکالمے کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے انڈیا میں قلعے میں ہونے والی آثارِ قدیمہ کی کھدائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سے ملنے والے آثار بھی اس تاریخی مکالمے کے شواہد پیش کرتے ہیں اور ان کے نزدیک یہ ایک نہایت اہم مکالمہ ہے۔
ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نئی دہلی میں موجود ہیں، جہاں وہ 20 سے 22 نومبر تک ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے کلچرل فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
ان کا یہ دورہ مئی 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مئی 2023 میں گوا میں ایس سی او وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا کا دورہ کیا تھا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور انڈیا کے تعلقات مئی 2025 میں فوجی کشیدگی کے بعد سے تناؤ کا شکار ہیں۔

