ٹرمپ سے معاملات طے کرنے کے لیے عبدالسید ممدانی سے مشورے کیوں لے رہے ہیں؟

400242 1638099317


نو منتخب سینیٹر عبدالسید کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے معاملات طے کرنے کے حوالے سے ایک ایسے ساتھی ڈیموکریٹ سے مشورے مل رہے ہیں، جو صدر کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ ڈیموکریٹ نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی ہیں۔

مشی گن سے تعلق رکھنے والے ترقی پسند سیاست دان عبدالسید نے وسط مدتی انتخابات کی مہم کے دوران ٹرمپ پر سخت تنقید کی تھی اور ایران جنگ، ٹیرف اور تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ جواباً ٹرمپ نے انہیں ’جہادی جنونی‘ قرار دیا تھا۔

تاہم، عبدالسید نے بعد ازاں اشارہ دیا کہ وہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے صدر کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے عوامی سطح پر ’ٹرمپ کیئر‘ کی تجویز پیش کر کے صدر کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کی۔

اب ٹرمپ کے لہجے میں بھی نرمی آئی ہے۔ انہوں نے عبدالسید کو ’ذہین شخص‘ قرار دیتے ہوئے اشارہ دیا ہے کہ دونوں کے درمیان ملاقات ہونے والی ہے۔

ممکنہ ملاقات سے قبل نو منتخب سینیٹر نے ’پولیٹیکو پلے بک‘ کو بتایا کہ وہ ظہران ممدانی کے ساتھ اپنے خیالات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔ ممدانی بھی ٹرمپ کے نظریاتی مؤقف سے بہت دور سمجھے جانے والے ڈیموکریٹ ہیں، لیکن اس کے باوجود انہوں نے وائٹ ہاؤس کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھے ہیں۔ یہاں تک کہ فاکس نیوز نے گزشتہ سال دونوں کی پہلی ملاقات کو ’محبت بھری نشست‘ قرار دیا تھا۔

وبائی امراض کے ماہر اور سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان عبدالسید نے کہا: ’وہ بھی میری طرح سمجھتے ہیں کہ چاہے آپ صدر کے متعدد معاملات پر ان سے اختلاف رکھتے ہوں، لیکن وہ امریکہ کے صدر ہیں۔‘

انہوں نے کہا: ’میں کسی کے ساتھ بھی کام کرنے کے لیے تیار ہوں، خاص طور پر جب مقصد سیاست سے پیسہ نکالنا، لوگوں کی جیبوں میں پیسہ پہنچانا اور سب کے لیے میڈی کیئر (سرکاری طبی سہولت) کا نظام نافذ کرنا ہو۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے خیال میں صدر کوئی معاہدہ کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں تو انہوں نے جواب دیا: ’دیکھتے ہیں کہ گفتگو میں کیا بات سامنے آتی ہے۔‘

انتخابی دن کے بعد سے 42 سالہ عبدالسید بارہا ’ٹرمپ کیئر‘ کی تجویز پیش کر چکے ہیں، جو بظاہر سب کے لیے میڈی کیئر کے اس منصوبے کا نیا نام ہے، جسے انہوں نے انتخابی مہم کے دوران پیش کیا تھا۔

انہوں نے ایسے گولڈ کارڈز کی تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں جن پر صدر کے دستخط ہیں۔ اس کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ تمام امریکیوں کو صحت کی سہولتوں کی ضمانت دینے کے لیے ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔

بظاہر ان کی یہ تجویز مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ منگل کو ’نیویارک پوسٹ‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ عبدالسید سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ’ٹرمپ کیئر‘ کے نام سے ’سب کے لیے میڈی کیئر‘ کا منصوبہ منظور کروانے پر بات کی جا سکے۔

ٹرمپ کا اس تجویز پر آمادگی ظاہر کرنا ان کے سابقہ مؤقف سے واضح انحراف ہے۔ رپبلکن صدر طویل عرصے سے اس خیال کی مخالفت کرتے آئے ہیں اور ماضی میں انہوں نے اس منصوبے کا مذاق اڑاتے ہوئے اسے ’کسی کے لیے بھی میڈی کیئر نہیں‘ قرار دیا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اکتوبر میں ’ایکسیوس‘ کے ایک سروے کے مطابق، سینیٹر برنی سینڈرز کے مقبول بنائے گئے ’سب کے لیے میڈی کیئر‘ منصوبے کے حامیوں کی تعداد اب اس کے مخالفین سے تقریباً دو گنا زیادہ ہو چکی ہے۔

’نیویارک پوسٹ‘ کو انٹرویو میں ٹرمپ نے مزید کہا کہ عبدالسید نے ’حقیقت میں بہت اچھا کام کیا ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا: ’میں جانتا ہوں کہ میری ان سے ملاقات ہوگی۔۔۔ شاید کوئی درمیانی راستہ نکل آئے جس پر ہم آگے بڑھ سکیں۔‘

تاہم، یہ ایک اہم سوال ہے کہ آیا ٹرمپ اور ڈیموکریٹس واقعی مل کر کام کر سکتے ہیں، بالخصوص امریکی صحت کے نظام میں اصلاحات جیسے متنازع معاملے پر۔ دونوں فریق اس حوالے سے ملے جلے اشارے دے چکے ہیں۔

ڈیموکریٹس، جو جنوری سے ایوان نمائندگان اور سینیٹ کا کنٹرول سنبھالنے والے ہیں، نے اشارہ دیا ہے کہ وہ مہنگائی اور اخراجات کے بوجھ میں کمی جیسے اہم معاملات پر صدر کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی وہ ایران جنگ کے خاتمے اور محصولات ختم کرنے کے لیے جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے ٹرمپ کے عہدیداروں اور اتحادیوں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے اور صدر کے مواخذے کی کوششوں کے بھی اشارے دیے ہیں۔

دوسری جانب ٹرمپ نے ابتدا میں وسط مدتی انتخابات میں کامیابی پر ڈیموکریٹس کو مبارک باد دی تھی اور کہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ، بشمول امیگریشن کے معاملے پر، کام کر سکتے ہیں۔

تاہم، بعد میں انہوں نے ڈیموکریٹس کی انتخابی کامیابیوں کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے، انہیں ’بدعنوان اور شرپسند‘ قرار دیا اور اپنے صدارتی ویٹو کے اختیار کو استعمال کرنے کا عزم ظاہر کیا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ