پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بدھ کے روز کابل میں منعقد ہونے والے چھٹے سہ فریقی وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے دو طرفہ ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔ فریقین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حالیہ مہینوں میں اسلام آباد اور کابل کے درمیان تعلقات میں مثبت پیشرفت دیکھنے کو ملی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے عوام براہ راست ان اقدامات کے ثمرات حاصل کر سکیں۔ اس کے ساتھ ہی سرحدی امور اور عوامی روابط کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، ملاقات کے دوران دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے کے لیے قریبی تعاون پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی مشترکہ دشمن ہے اور اس کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
ذرائع کے مطابق سہ فریقی اجلاس میں پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ نے علاقائی تعاون، امن و ترقی کے فروغ اور باہمی اعتماد سازی پر بھی گفتگو کی، جبکہ دو طرفہ ملاقات نے پاک افغان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو اجاگر کیا۔
