وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محترمہ وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان تعلیم کے ذریعے مستقبل میں عالمی رہنماؤں کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔ وہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ پیغامِ پاکستان نیشنل سیمینار برائے "نوجوان اور ابھرتا ہوا پاکستان بطور عالمی رہنما” سے خطاب کر رہی تھیں۔ یہ سیمینار یومِ آزادی کی 78ویں قومی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کیا گیا۔
وجیہہ قمر نے اپنے خطاب میں تعلیم کو قومی ترقی اور تعمیرِ وطن کی بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت معیاری تعلیم کے فروغ اور ہر طبقے کے لیے تعلیمی مواقع کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے وزارت کے جاری منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات کے مثبت اثرات جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔
وزیرِ مملکت نے نوجوانوں کو ملک کا اصل سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہی پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جو نوجوانوں کو نہ صرف بااختیار بناتا ہے بلکہ انہیں مستقبل میں دنیا کی قیادت کے قابل بھی بناتا ہے۔
وجیہہ قمر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کو محض مقامی نہیں بلکہ عالمی سطح پر رہنما کے طور پر تیار کریں تاکہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔
