دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے چیئرمین محسن نقوی نے دبئی میں ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی شاندار تقریبِ رونمائی کی۔ اس موقع پر مختلف ٹیموں کے کپتان بھی موجود تھے جبکہ کرکٹ شائقین نے اس تقریب کو زبردست جوش و خروش کے ساتھ دیکھا۔
ٹورنامنٹ کا آغاز آج ابوظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے میچ سے ہو رہا ہے۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ مدمقابل ہونگے
پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف دبئی میں کھیلے گا جبکہ سب سے زیادہ توجہ 14 ستمبر کے پاک-بھارت ٹاکرے پر مرکوز ہے جو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ کو کرکٹ شائقین اور ماہرین دونوں ہی ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ قرار دے رہے ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک جاری رہے گا جس میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے۔ گروپ اسٹیج کے بعد سپر فور مرحلہ ہوگا اور فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے
ایشیا کپ کے تمام میچ دنیا بھر میں براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ بھارت میں سونی اسپورٹس، پاکستان میں پی ٹی وی اسپورٹس اور دیگر پلیٹ فارمز پر شائقین میچز دیکھ سکیں گے۔ دبئی اور ابوظہبی کے اسٹیڈیمز میں ہزاروں تماشائیوں کی آمد متوقع ہے، جبکہ آن لائن پلیٹ فارمز پر بھی بڑی تعداد میں شائقین کی شمولیت متوقع ہے۔
سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر مورنے مرکیل کے مطابق دبئی کی پچیں اسپنرز کے لیے معاون ثابت ہو سکتی ہیں، جو ٹورنامنٹ کا رخ بدلنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ بھارتی کپتان سریاکمار یادیو نے بھی پاکستان کے خلاف میچ سے قبل جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا عندیہ دیا ہے۔
ایشیا کپ 2025 کے اس ٹورنامنٹ کو کرکٹ ماہرین نہ صرف ایک بڑے اسپورٹس ایونٹ بلکہ خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے انتہائی اہم موقع قرار دے رہے ہیں۔
