نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)
بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان پر حالیہ حملہ رات ڈیڑھ بجے کرنے کے پیچھے اہم وجوہات تھیں۔ ان کے مطابق یہ وقت اس لیے منتخب کیا گیا تاکہ عام شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچے اور آپریشن مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
جنرل چوہان نے کہا کہ اگر یہ کارروائی دن کے اوقات یا فجر کے وقت کی جاتی تو شہریوں، خصوصاً بچوں، کے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ تھا۔ ان کے مطابق رات کا یہ وقت دشمن کو حیران کرنے اور سرپرائز دینے کے لیے بھی زیادہ موزوں تھا۔
بھارتی ڈیفنس چیف نے مزید کہا کہ "اگرچہ یہ رات کا سب سے تاریک وقت ہوتا ہے مگر ہمیں اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ تھا۔” ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں صرف روایتی ہتھیاروں کا استعمال نہیں کیا گیا بلکہ سیٹلائٹ انٹیلی جنس، سگنل ٹریکنگ، الیکٹرانک اور سائبر وسائل کو بھی بروئے کار لایا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کے اس حملے کا وقت نہ صرف عسکری حکمتِ عملی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے اس کارروائی پر تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا

