کوالالمپور: پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد 21 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علاقائی امن، ترقی اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ پاکستان اور ملائیشیا نے تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت، ہلال فوڈز اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
اعلامیے میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور دو ریاستی حل کی حمایت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کو مسلم دنیا میں اتحاد، امن اور ترقی کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
مشترکہ اعلامیہ وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان ملاقات کے بعد جاری کیا گیا

