اسلام آباد(فائزہ یونس وائس آف جرمنی): پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) نے جمعرات کے روز تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اسلام آباد میں پہلی بار روبوٹک ایڈرینلیکٹومی سرجری کامیابی سے انجام دے دی، جس سے ملک میں جدید سرجری کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ پیچیدہ آپریشن ماہر سرجنوں کی ٹیم نے جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا، جس سے نہ صرف آپریشن میں بے مثال درستگی ممکن ہوئی بلکہ مریض کی جلد صحت یابی بھی یقینی بنی۔ اس کامیابی کے بعد پمز پاکستان کے ان چند طبی مراکز میں شامل ہو گیا ہے جہاں جدید روبوٹک سرجریز کی سہولت موجود ہے۔
طبی ماہرین نے اس پیش رفت کو اسلام آباد کے شعبہ صحت کے لیے ایک بڑا بریک تھرو قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روبوٹک سرجری سے پیچیدگیاں کم ہوتی ہیں، ہسپتال میں قیام کی مدت گھٹتی ہے اور مریضوں کو زیادہ محفوظ علاج فراہم کیا جا سکتا ہے۔
پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ادارے کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت وہ جدید ترین طبی سہولیات مہیا کرتے ہوئے صحت کے معیار کو بین الاقوامی سطح تک لے جانا چاہتا ہے۔ مزید روبوٹک سرجریز کے آغاز پر بھی غور جاری ہے

