پاکستان کا امن تباہ کرنے میں پڑوسی ممالک کا ہاتھ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

IMG 20260108 WA2801


کراچی تا چمن شاہراہ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا
کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے میں پڑوسی ممالک ملوث ہیں اور دہشت گردی کو ہوا دینے کے لیے بیرونی فنڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
کوئٹہ میں سیاسی رہنماؤں اور ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کراچی تا چمن چار رویہ شاہراہ کا سنگِ بنیاد رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اہم منصوبہ دو برس میں مکمل کیا جائے گا اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شاہراہ کو دسمبر 2027 سے قبل مکمل کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان میں بھی مشکلات پیدا کیں، تاہم ریاست پوری قوت کے ساتھ ان کے خلاف برسرِ پیکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو ہمسایہ ملک سے مکمل سپورٹ حاصل ہے جبکہ فیلڈ مارشل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج کی قیادت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے این ایف سی ایوارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبوں کو ان کے جائز وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی نے این ایف سی میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا جس کی قیادت پنجاب نے کی، اور پنجاب اپنے حصے کے 11 ارب روپے بلوچستان کو فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت مل سکے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے اور صوبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر علیم خان، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کا امن تباہ کرنے والوں کو مئی میں مؤثر جواب دیا جا چکا ہے اور مستقبل میں بھی ریاست دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

متعلقہ پوسٹ