(ویب ڈیسک) تہران مین تعینات میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایک پاکستانی نیوز آؤٹ لیت سے گفتگو کرتے ہوئے تہران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا کہ حالات کے پیش نظر شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
سفیر پاکستان مدثر ٹیپو کے مطابق ایران میں وائیفائی سروس ڈاؤن ہے جبکہ ٹیلی فون کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
مدثر ٹیپو نے بتایا کہ تہران مین پاکستانی سفارت خانے اور دوسرے ایرانی شہروں میں واقع پاکستانی قونصلیٹس کی فون لائنز کام کر رہی ہیں اور پاکستانی شہری ہنگامی صورتحال میں ان فون نمبرز پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں پُرتشدد مظاہرے بے قابو، کئی شہروں میں توڑ پھوڑ ، 217 افراد ہلاک،2500گرفتار
مدثر ٹیپو نے سڑک سے پاکستان واپس جانے کے خواہشمند شہریوں کو ہدایت کی کہ بارڈر بند ہونے کے وقت سے کم از کم چار گھنٹے پہلے لازمی سرحد پر پہنچ جائیں۔ واپسی کے وقت پاسپورٹ پر امیگریشن اسٹیمپ لگوانا ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ بعد میں کسی قانونی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیئے: امریکہ اور اسرائیل ایران میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، مسعود پزشکیان
پاکستان واپس آنےکے خواہشمند سٹوڈنٹس کو سفیر نے مشورہ دیا کہ طلبہ واپس جانا چاہیں تو ضابطہ کا طریقہ کار مکمل کرکے روانہ ہوں اور اپنی یونیورسٹی سےکلیئرنس سرٹیفکیٹ ضرور حاصل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ ایرانی بارڈر اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پاکستانی شہریوں اور طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جاسکے۔
سفیر مدثر ٹیپو کے مطابق ہرمزگان یونیورسٹی کے بہتر (72) پاکستانی طلبہ آج پاکستان واپس روانہ ہو چکے ہیں جبکہ زنجان یونیورسٹی کے پاکستانی طلبہ کی واپسی کا عمل بھی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرمزگان یونیورسٹی سے واپس جانے والے طلبہ کو سفارتخانے کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیئے: حملہ ہوا تو امریکی اڈے ہدف ہوں گے: ایران


