پمز میں بانی پی ٹی آئی کو اینٹی وی جی ای ایف انٹراویٹریل انجیکشن دیا گیا
اسلام آباد – بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی دائیں آنکھ میں بینائی متاثر ہونے کی طبی تشخیص ہو گئی ہے۔ میڈیکل رپورٹ ان کے اہل خانہ کو موصول ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پمز ہسپتال میں عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا جس میں دائیں آنکھ میں بینائی کے مسائل کی تصدیق ہوئی۔ ڈاکٹرز نے انہیں اینٹی وی جی ای ایف انٹراویٹریل انجیکشن دیا ہے جو آنکھ کی بعض بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
طبی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی آنکھ میں خون کی نالیوں سے متعلق مسائل پائے گئے ہیں جن کی وجہ سے بینائی متاثر ہو رہی ہے۔ ماہرین نے مزید علاج اور باقاعدہ فالو اپ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اہل خانہ نے رپورٹ موصول ہونے کے بعد عمران خان کے لیے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنکھ کی بیماری نازک نوعیت کی ہے اور فوری اور مسلسل علاج کی ضرورت ہے۔
پارٹی رہنماؤں نے بھی عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

