اورنگی ٹاؤن پانی بحران: عدالت کا واٹر کارپوریشن پر سخت اظہارِ برہمی — ٹینکر سسٹم بند کر کے لائنوں سے پانی دینے کا حکم

IMG 20260221 WA2493


کراچی: کراچی کی ایک عدالت نے اورنگی ٹاؤن میں جاری پانی کے شدید بحران پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KWSC) کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ادارے سے فوری وضاحت طلب کر لی۔
سماعت کے دوران عدالت نے واٹر کارپوریشن کے رویے پر سخت الفاظ میں تنقید کی اور واضح کیا کہ ٹینکر سسٹم بند کیا جائے اور شہریوں کو لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جب پانی دستیاب ہے تو اسے پائپ لائنوں کے ذریعے عوام تک کیوں نہیں پہنچایا جا رہا؟ اور ٹینکر مافیا کو پھلنے پھولنے کا موقع کیوں دیا جا رہا ہے؟
عدالت کا موقف تھا کہ ٹینکر سسٹم نہ صرف مہنگا ہے بلکہ اس سے غریب شہریوں کا معاشی استحصال بھی ہوتا ہے، جبکہ واٹر لائنوں کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہونے کے باوجود اسے جان بوجھ کر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اورنگی ٹاؤن کراچی کے گنجان آباد علاقوں میں سے ایک ہے جہاں عرصہ دراز سے پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے اور لاکھوں شہری مہنگے ٹینکروں پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔

متعلقہ پوسٹ