ہوانا / واشنگٹن — کیوبا کی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ کیوبا کی بارڈر گارڈ فورس نے فلوریڈا کی نمبر پلیٹ والی ایک سپیڈ بوٹ کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا جس میں بوٹ پر سوار 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
کیوبا کی وزارتِ داخلہ کے مطابق بوٹ پر 10 مسلح افراد سوار تھے جن کا ارادہ کیوبا میں دہشتگردانہ مقاصد کے لیے گھسنا تھا۔ بوٹ سے اسالٹ رائفلیں،، موٹو کاک بم، بلٹ پروف جیکٹیں اور کیموفلاج یونیفارم برآمد کیے گئے۔
کیوبا کے بارڈر گارڈز کے 5 اہلکار جب شناخت کے لیے بوٹ کے قریب آئے تو بوٹ پر سوار افراد نے پہلے فائرنگ کی جس میں کیوبن بوٹ کے کمانڈر زخمی ہو گئے، اس کے بعد جوابی کارروائی کی گئی۔
6 زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور وہ حراست میں ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والے 2 مسافر پہلے سے دہشتگردی کے الزام میں کیوبا کو مطلوب تھے۔
واقعے کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا اپنی معلومات اکٹھی کر رہا ہے اور جو کچھ ہوا اسے جاننے کے بعد جواب دیا جائے گا۔ فلوریڈا کے اٹارنی جنرل نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جبکہ ری پبلکن کانگریس مین کارلوس گیمینز نے اسے "قتلِ عام” قرار دیا ہے۔
یہ واقعہ امریکا اور کیوبا کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔

