اسلام آباد: امریکا نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان میں تعینات اپنا غیر ضروری سفارتی عملہ واپس بلا لیا ہے۔ لاہور اور کراچی میں قائم امریکی قونصل خانوں کے غیر ضروری عملے کو بھی فوری طور پر پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں سفارتخانے کی موجودہ سفارتی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ضروری سفارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ تاہم عملے کی تعداد میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام کسی مخصوص سیکورٹی خطرے کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے کراچی میں امریکی قونصل خانے کے اطراف سیکورٹی انتہائی سخت ہے اور جانے والے تمام راستے بند کیے گئے ہیں۔ امریکی حکام نے فی الحال اس اقدام کی مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا ہے۔

