واشنگٹن | 18 مارچ 2026
امریکہ کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (NCTC) کے ڈائریکٹر جو کینٹ نے ایران کے خلاف جاری جنگ کی مخالفت میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
کینٹ نے اپنے استعفے کے خط میں لکھا: "میں ضمیر کے خلاف جا کر ایران میں جاری اس جنگ کی حمایت نہیں کر سکتا۔”
انہوں نے صاف الفاظ میں کہا: "ایران ہمارے ملک کے لیے کوئی فوری خطرہ نہیں تھا، اور یہ واضح ہے کہ یہ جنگ اسرائیل اور اس کے طاقتور امریکی لابی کے دباؤ پر شروع کی گئی۔”
جو کینٹ ٹرمپ انتظامیہ کے اب تک کے سب سے اعلیٰ عہدے دار ہیں جنہوں نے ایران جنگ پر استعفیٰ دیا ہے۔
کینٹ نے اپنے خط میں ٹرمپ کو یاد دلایا کہ "جون 2025 تک آپ خود سمجھتے تھے کہ مشرق وسطیٰ کی جنگیں ایک جال ہیں جو امریکی سپوتوں کی قیمتی جانیں لیتی ہیں اور قوم کی دولت تباہ کرتی ہیں۔”
کینٹ 45 سالہ فوجی تجربہ کار اور سابق سی آئی اے افسر ہیں جنہوں نے 20 سال میں 11 مرتبہ مشرق وسطیٰ میں تعیناتی کی۔ ان کی پہلی اہلیہ، نیوی افسر شینن کینٹ، 2019 میں شام میں ایک خودکش حملے میں شہید ہوئی تھیں۔
صدر ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے کینٹ کو "سکیورٹی کے معاملے میں کمزور” سمجھتے تھے اور جو لوگ ایران کو خطرہ نہیں مانتے، "ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہییں۔”

