پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں کسی کے لیے خطرہ نہیں، صرف خودمختاری کی حفاظت کے لیے ہیں: دفتر خارجہ

IMG 20260319 WA2302

اسلام آباد (19 مارچ 2026): پاکستان نے امریکی انٹیلی جنس کے پاکستان کے میزائل پروگرام سے متعلق بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اصل خطرہ بھارت کے میزائل پروگرام سے ہے، نہ کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں سے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ "پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں کسی دوسرے ملک کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔ یہ صرف اور صرف اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کی حفاظت کے لیے ہیں۔”
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کا میزائل پروگرام مکمل طور پر شفاف، دفاعی نوعیت کا اور خطے میں موجودہ طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے بھارت کی بڑھتی ہوئی میزائل صلاحیتوں، خاص طور پر اس کی جدید میزائل ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک پروگراموں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن اور استحکام کا حامی رہا ہے، لیکن اگر کوئی ملک جارحیت کا مظاہرہ کرے تو پاکستان اپنے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
یہ بیان امریکی انٹیلی جنس اداروں کے حالیہ بیان کے جواب میں سامنے آیا ہے جس میں پاکستان کے میزائل پروگرام پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

متعلقہ پوسٹ