اسلام آباد میں نیشنل فرانزک ایجنسی نے باقاعدہ کام شروع کر دیا

IMG 20260319 WA2315

اسلام آباد (19 مارچ 2026): نیشنل فرانزک ایجنسی (این ایف اے) نے اسلام آباد میں باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس سے ملک بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی پر انحصار ختم ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق این ایف اے کا ہیڈکوارٹرز 2025ء میں اسلام آباد میں قائم کیا گیا تھا۔ اب یہ ایجنسی فعال ہو چکی ہے اور صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے کیسز آنا شروع ہو گئے ہیں۔
این ایف اے میں تحقیقاتی شعبہ، فرانزک شعبہ اور جدید ڈیجیٹل فرانزک ڈیپارٹمنٹ قائم ہیں۔ ابتدائی طور پر فنگر پرنٹ اینالیسس، ڈیجیٹل فرانزک اور نارکوٹکس اینالیسس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈیجیٹل فرانزک ونگ قومی سلامتی سے متعلق معاملات میں خصوصی معاونت کرے گی۔
ایجنسی پولیس، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو براہ راست فرانزک خدمات فراہم کرے گی۔ اس کے ماہرین عدالتوں میں ماہر گواہ کے طور پر پیش ہوں گے اور ڈیجیٹل شواہد کو محفوظ بنانے میں بھی مدد کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ این ایف اے کے قیام سے ملک بھر میں کرائم انویسٹی گیشن کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور فرانزک رپورٹس کی بروقت دستیابی یقینی بنے گی۔

متعلقہ پوسٹ