راولپنڈی / اسلام آباد — آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ مذہبی جذبات کو ملک میں تشدد بھڑکانے کے لیے ہرگز استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، رواداری اور بھائی چارے کا دین ہے اور اس کے نام پر پھیلائی جانے والی انتہاپسندی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
آرمی چیف نے علماء کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد کو مضبوط بنانے اور انتہاپسندی کے خاتمے میں علماء کا کردار نہایت اہم اور فیصلہ کن ہے۔ انہوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ نوجوان نسل کو انتہاپسندانہ سوچ سے بچانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
افغانستان کے حوالے سے فیلڈ مارشل نے سخت لہجے میں کہا کہ افغان طالبان کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا خواہشمند ہے لیکن اپنی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
خطاب کے اہم نکات:
مذہب کو تشدد کے لیے استعمال کرنے کی سخت مذمت علماء کرام کا قومی یکجہتی میں کردار ناگزیر ہے
افغان سرزمین سے دہشتگردی بند کی جائے
پاکستان امن چاہتا ہے لیکن دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں
انتہاپسندی کے خلاف قومی بیانیہ مضبوط کیا جائے

