اسلام آباد، — وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ماحول دوست الیکٹرک وہیکلز کی فراہمی کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے اور یہ اقدام صوبوں اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قیمتی زرِ مبادلہ کی بچت ہوگی جو موجودہ حالات میں، جبکہ پٹرول کی قیمتیں انتہائی بلند ہیں، خاص اہمیت کی حامل ہے۔
تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور اسلام آباد پولیس و ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے تقریب سے قبل الیکٹرک وہیکلز کا معائنہ بھی کیا۔
آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کو 15 ایکو-سمارٹ الیکٹرک وہیکلز فراہم کی جا رہی ہیں، جو وزیراعظم کے وژن اور حکومت کی توانائی بچت کی پالیسی کا حصہ ہیں۔ ہر گاڑی میں ایک کپتان، ایک مرد ریسپانڈر، ایک ریسپانڈر اور ایک ڈرائیور پر مشتمل عملہ ہوگا جن کے لیے خصوصی وردیاں بھی تیار کی گئی ہیں۔ یہ گاڑیاں شہر کی اہم شاہراہوں پر تعینات رہیں گی تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے۔
بریفنگ کے مطابق مکمل چارج پر ایک گاڑی 350 سے 400 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ فاسٹ چارجنگ میں 60 سے 90 منٹ جبکہ ریگولر چارجنگ میں 6 سے 8 گھنٹے درکار ہوں گے۔ پٹرول گاڑیوں کے مقابلے میں فی گاڑی ماہانہ 0.55 ملین روپے کی بچت متوقع ہے اور یہ گاڑیاں 13 سے 14 ماہ میں اپنی لاگت پوری کر لیں گی۔ جلد ہی 15 مزید الیکٹرک وہیکلز بھی اسلام آباد ٹریفک پولیس کے فلیٹ میں شامل کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ حکومت کی دوراندیش پالیسی کے تحت خلیجی بحران شروع ہونے سے قبل ہی فیول اکانومی اور الیکٹرک وہیکلز کی پالیسی پر کام شروع ہو چکا تھا اور چند ماہ پہلے ہی ان گاڑیوں کی خریداری کا آغاز کر دیا گیا تھا۔

