لاہور: نومولود کو مردہ حالت میں اسپتال چھوڑ کر فرار، خاتون سمیت 2 ملزمان گرفتار

IMG 20260428 WA2340


لاہور —
لاہور کے نصیرہ آباد میں واقع چلڈرن اسپتال میں نومولود بچے کو مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہونے کے افسوسناک واقعے میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 21 اپریل کو پیش آیا جب ملزمان نے ایک نومولود بچے کو مردہ حالت میں اسپتال کی ایمرجنسی میں چھوڑا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو بچہ ایمرجنسی میں چھوڑتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے ملزمان کا سراغ
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی اور ایس ڈی پی او گارڈن ٹاؤن کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ چوکی چلڈرن ہسپتال پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔
ایس پی اسد علی کے مطابق گرفتار ملزمان میں آمنہ بی بی اور اللہ وسایا شامل ہیں۔ دونوں کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے ہے اور وہ حفیظ سینٹر لاہور کے قریب کام کرتے تھے۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔
تیسری ملزمہ مفرور، چھاپے جاری
پولیس کے مطابق اس واقعے میں ملوث تیسری ساتھی ملزمہ ثناء ابھی تک فرار ہے۔ اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد گرفتاری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایس پی اسد علی نے کہا کہ اس دردناک واقعے میں ملوث کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا اور مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ پوسٹ