از فرزانہ چوہدری | لاہور، پاکستان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "سب کے لیے صحت” وژن کے تحت لاہور جنرل ہسپتال (LGH) نے رواں سال کے پہلے چار ماہ (جنوری تا اپریل) میں 7 لاکھ 54 ہزار 350 مریضوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کیں۔
ایم ایس ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کی جانب سے پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کو پیش کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں 3 لاکھ 65 ہزار 91 مریضوں کو مفت ادویات، تشخیصی ٹیسٹ، سی ٹی سکین اور آپریشن کی سہولت دی گئی جبکہ 35 ہزار 396 کامیاب آپریشن بھی کیے گئے۔
تشخیصی خدمات کا ریکارڈ
چار ماہ کے دوران تقریباً 8 لاکھ لیبارٹری ٹیسٹ، 1 لاکھ 6 ہزار 410 ایکسرے، 43 ہزار 728 الٹراساؤنڈ، 24 ہزار 90 سی ٹی سکین، 6 ہزار 639 ایم آر آئی، 83 میموگرافیاں، 2 ہزار 334 گیسٹروسکوپیاں، 30 ہزار سے زائد ای سی جی اور 6 ہزار 174 ڈائیلاسز کے طریقہ کار انجام دیے گئے۔ دیگر اضلاع سے 1 ہزار 423 مریض خصوصی علاج کے لیے ایل جی ایچ ریفر کیے گئے۔
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری خصوصی صحت عظمت محمود خان کی رہنمائی میں ہسپتال انتظامیہ تمام وسائل مریضوں کی فلاح کے لیے استعمال کر رہی ہے اور ایک موثر مانیٹرنگ و فیڈ بیک سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

