برسلز/لندن — ایک نئی تحقیقی رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ یورپ میں امریکا پر اعتماد خطرناک حد تک گر چکا ہے۔ سروے کے مطابق صرف 10 فیصد یورپی شہری اب امریکا کو اپنا حقیقی اتحادی تصور کرتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ وائٹ ہاؤس میں آنے کے بعد سے یورپ اور امریکا کے تعلقات میں نمایاں سرد مہری آئی ہے۔ اکثریتی یورپی شہریوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر یورپ پر کوئی فوجی حملہ ہو تو امریکا مدد کے لیے نہیں آئے گا۔
یہ سروے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نیٹو کے حوالے سے متضاد بیانات دے رہی ہے اور یورپی ممالک پر دفاعی اخراجات بڑھانے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکا اور یورپ کے درمیان اعتماد کی سب سے بڑی خلیج کی عکاسی کرتے ہیں۔

