تھائی لینڈ کی شہزادی بجراکیتیابھا، جو دسمبر 2022 سے کومے میں تھیں، 47 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ شاہی محل کے مطابق وہ جمعرات کی شام مقامی وقت 7 بج کر 48 منٹ پر چولالونگکورن ہسپتال میں وفات پا گئیں۔
شہزادی دسمبر 2022 میں اپنے کتوں کے ساتھ ورزش کے دوران اچانک گر پڑی تھیں، ڈاکٹروں کے مطابق مائیکوپلازما انفیکشن کے باعث ان کے دل کی دھڑکن شدید بے قاعدہ ہوگئی تھی جس سے وہ کومے میں چلی گئیں۔
شہزادی بادشاہ مہا واجیرالونگکورن کی سات اولادوں میں سب سے بڑی تھیں، 7 دسمبر 1978 کو پیدا ہوئیں اور کارنیل یونیورسٹی سے قانون کی دو اعلیٰ ڈگریاں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے 2012 سے 2014 تک آسٹریا میں تھائی لینڈ کی سفیر کے فرائض انجام دیے اور بعد ازاں جیل اصلاحات، بالخصوص خواتین قیدیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔ 2021 میں بادشاہ نے انہیں اپنے نجی محافظ دستے کی چیف آف اسٹاف مقرر کیا تھا۔
ان کی صلاحیت اور بادشاہ کے اعتماد کے باعث وہ مستقبل کی شاہی جانشینی کے ممکنہ امیدواروں میں شمار کی جاتی تھیں۔ ان کی وفات کے بعد تھائی لینڈ میں شاہی جانشینی کا معاملہ مزید غیر واضح ہوگیا ہے، جبکہ ملک کے سخت قوانین کے باعث اس موضوع پر عوامی بحث محدود ہے۔

