یش راج فلمز کی اسپائی یونیورس کی نئی فلم ’’الفا‘‘ نے پہلے دن ہندوستان میں ۹.۲۵؍ کروڑ روپے کی کمائی کے ساتھ آغاز کیا، تاہم بڑے بجٹ اور اسپائی یونیورس کے معیار کے لحاظ سے اسے توقعات سے کم اوپننگ قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ہما قریشی کی ایکشن تھریلر ’’بے بی ڈو ڈائی ڈو‘‘ ناقدین کی تعریف سمیٹنے کے باوجود ناظرین کو سنیما گھروں تک لانے میں ناکام رہی اور پہلے دن صرف ۴۰؍ لاکھ روپے نیٹ کلیکشن کر سکی۔
یش راج فلمز نے ۲۰۱۲ء میں ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ کے ذریعے اپنے کامیاب اسپائی یونیورس کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘، ’’وار‘‘ اور ’’پٹھان‘‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں نے اس فرنچائز کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ تاہم ’’پٹھان‘‘ کے بعد ’’ٹائیگر ۳‘‘ کی اوسط کارکردگی اور ’’وار ۲‘‘ کی باکس آفس ناکامی نے اسپائی یونیورس کی رفتار کو نمایاں طور پر متاثر کیا، جس کا اثر اب نئی فلم ’’الفا‘‘ پر بھی دکھائی دیا۔
ہدایت کار شیو راویل کی ایکشن اسپائی فلم ’’الفا‘‘ میں عالیہ بھٹ، شروری، انیل کپور اور بوبی دیول مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہیں۔ فلم نے ریلیز سے قبل مناسب ایڈوانس بکنگ حاصل کی اور صبح کے شوز میں بھی اچھی حاضری دیکھنے میں آئی، لیکن مجموعی طور پر فلم اپنی متوقع اوپننگ حاصل نہ کر سکی۔
ٹریڈ رپورٹس کے مطابق ’’الفا‘‘ نے پہلے دن ہندوستان میں ۹.۲۵؍ کروڑ روپے نیٹ کمائے، جبکہ اس کا انڈیا گراس کلیکشن ۱۱.۱۰؍ کروڑ روپے رہا۔ بیرون ملک فلم نے تقریباً ۵؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا، جس کے بعد پہلے دن کا عالمی گراس کلیکشن ۱۶.۱۰؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ اگرچہ خواتین پر مبنی ایکشن فلم کے لیے یہ آغاز مناسب تصور کیا جا رہا ہے، لیکن اسپائی یونیورس کے بڑے بجٹ اور برانڈ ویلیو کو مدنظر رکھتے ہوئے تجارتی ماہرین اسے کمزور اوپننگ قرار دے رہے ہیں۔ ٹریڈ حلقوں کا ماننا ہے کہ اگر ’’وار ۲‘‘ باکس آفس پر بڑی کامیابی حاصل کرتی تو ’’الفا‘‘ کو کہیں زیادہ مضبوط آغاز مل سکتا تھا۔
ادھر اسی ہفتے ریلیز ہونے والی ہما قریشی کی ایکشن تھریلر ’’بے بی ڈو ڈائی ڈو‘‘ بھی باکس آفس پر خاطر خواہ آغاز کرنے میں ناکام رہی۔ رچیت سنگھ کے ساتھ ہما قریشی کی اس فلم کو ناقدین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا، جبکہ فلم کی کہانی، ہما کی اداکاری اور ایکشن مناظر کو سراہا گیا۔ اس کے باوجود مثبت جائزے ٹکٹ کھڑکی پر ناظرین کو متوجہ نہ کر سکے۔ تازہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق ’’بے بی ڈو ڈائی ڈو‘‘ نے پہلے دن ہندوستان میں صرف ۴۰؍ لاکھ روپے نیٹ جبکہ تقریباً ۴۸؍ لاکھ روپے گراس کلیکشن کیا، جو اس سال کی کمزور ترین اوپننگز میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ٹریڈ تجزیہ کاروں کے مطابق فلم کو اختتامِ ہفتہ پر کلیکشن میں نمایاں اضافہ درکار ہوگا، ورنہ باکس آفس پر اس کی واپسی انتہائی مشکل ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ’’الفا‘‘ کے لیے بھی اصل امتحان اب ہفتے اور اتوار کے کلیکشن ہوں گے، کیونکہ فلم کی آئندہ کارکردگی کا انحصار مکمل طور پر مثبت ورڈ آف ماؤتھ اور شائقین کے ردعمل پر ہوگا۔

