تھائی لینڈ کے صوبہ نونتھابوری میں ایک اسکول میں جمعہ کے روز فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک استاد ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے، جن میں تین طلبہ بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا مبینہ طور پر اسی اسکول کا طالب علم تھا، جس نے واقعے کے بعد خود کو گولی مار کر جان دے دی۔ حکام نے فوری طور پر اسکول کو گھیرے میں لے کر طلبہ و عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے دوران اسکول میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، طلبہ نے کلاس رومز میں پناہ لی۔
زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تھائی حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حملہ آور کے محرکات اور اسلحہ حاصل کرنے کے ذرائع کا تعین کیا جا سکے۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اسکولوں کی سکیورٹی مزید سخت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

