سراج الدین عزیز کی یادداشتوں پر مبنی کتاب کی اشاعت کا معاہدہ طے پاگیا
سراج الدین عزیز نے بتایا کہ مجوزہ کتاب ان کے بینکنگ کیریئر کا احاطہ کرتی ہے۔
بینکنگ محتسب سراج الدین عزیز اور لائٹ اسٹون پبلشرز کی مینجنگ ڈائریکٹر امینہ سعید نے سراج الدین عزیز کی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’’وِنگز آف ڈیسٹنی‘‘ کی اشاعت کے معاہدے پر دستخط کردیے۔
بینکنگ محتسب سراج الدین عزیز کی پیشہ ورانہ خودنوشت کی اشاعت کے معاہدے پر مصنف اور ناشر امینہ سعید نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران دستخط کیے۔
سراج الدین عزیز نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کے بارے میں دلچسپ معلومات شیئر کیں اور بتایا کہ وہ بینکنگ کے شعبے میں کیسے داخل ہوئے اور بیوروکریٹ یا چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کیوں نہیں بنے۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ کتاب ان کے بینکنگ کیریئر کا احاطہ کرتی ہے، نہ کہ حکومت میں بینکنگ محتسب کی حیثیت سے ان کے موجودہ عہدے کا۔
سراج الدین عزیز کا کہنا تھا کہ بینکنگ کا تعلق پیسے یا اعداد و شمار سے نہیں بلکہ لوگوں اور رشتوں سے ہے۔
ناشر امینہ سعید نے کہا کہ ’’وِنگز آف ڈیسٹنی‘‘ ایک مشنری اسکول سے بین الاقوامی بینکنگ کی اعلیٰ ترین سطحوں تک سراج الدین عزیز کے سفر کا احاطہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتاب کا بیانیہ صرف پیشہ ورانہ کامیابیوں تک محدود نہیں بلکہ ان اقدار اور رشتوں کو بھی اجاگر کرتا ہے جو حقیقی کامیابی کی بنیاد ہیں۔

