اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس 1 لاکھ 77 ہزار کی حد عبور کرگیا
گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 176,591 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا اختتام تیزی کے ساتھ ہوا 100 انڈیکس میں 574 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 177,166 پوائنٹس پر بند ہوگیا۔
کاروباری سرگرمیوں کے دوران 100 انڈیکس 177,583 پوائنٹس کی بلند ترین اور 176,110 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر رہا، جبکہ مارکیٹ نے دوبارہ 1 لاکھ 77 ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرلی۔
آج بازار حصص میں مجموعی طور پر 35 ارب روپے مالیت کے 68 کروڑ 59 لاکھ حصص کے سودے ہوئے، جبکہ دن بھر 565 کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا۔
مارکیٹ میں 246 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 216 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 176,591 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق حالیہ گراوٹ کے بعد نچلی سطح پر خریداری نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا، جس کے باعث انہوں نے دوبارہ مارکیٹ میں پوزیشنز بنانا شروع کردیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے معاہدے نے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مجموعی کاروباری سرگرمیوں پر مثبت اثر ڈالا۔

