راولپنڈی؛ خاتون کی لاش ملنے کے معاملے میں اہم پیش رفت؛ مقتولہ کا شوہر اور ملازم گرفتار
مقتولہ کی لاش باتھ روم سے ملی، ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے اور منہ پر بھی کپڑا بندھا تھا۔
راولپنڈی: لالکڑتی کے علاقہ میں قتل کے بعد خاتون کی پھندہ لگی لاش واش روم سے ملنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور ملازم ذیشان کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ مقتولہ کا سسر تاحال گرفتار نہ ہوسکا۔
تھانہ سول لائنز پولیس نے گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، ملزمان کے خلاف مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں میں ایف آئی آر درج یے۔ مقتولہ حنا کی شادی 9 ماہ قبل فیصل اصغر سے ہوئی تھی۔
متن مقدمے کے مطابق مقتولہ کی لاش باتھ روم سے ملی، ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے اور منہ پر بھی کپڑا بندھا تھا، مقتولہ کے گلے میں تار بھی بندھی ہوئی تھی جب کہ منہ سے خون اور جھاگ نکل رہے تھے۔
مقتولہ کے بھائی نے اپنے بیان میں کہا کہ بہن کے سسر کی کال آئی، گھر پہنچا تو حنا کی لاش باتھ روم میں پڑی تھی، مقتولہ کو شوہر، سسر اور ملازم نے اذیتیں دے کر قتل کیا، قبل ازیں اسے کوئی زہریلی چیز کھلائے جانے کا بھی شبہ ہے۔
مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے قتل کو خود کشی کا رنگ دینے کی کوشش کی ہے، مقتولہ کا شوہر پہلے بھی ہماری بہن کو اذیتیں دیتا رہا ہے اور مقتولہ کے شوہر کی پہلی بیوی بھی گھریلو تشدد اور اذیتوں کے باعث طلاق لے چکی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ حنا کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور اس کی رپورٹ کا انتظار ہے، موقعہ سے تمام شواہد اکٹھے کئے گئے ہیں جب کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

