’یہود مخالف فرسودہ خیالات‘ کے الزام کے بعد مارک رفالو کا پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس پر جوابی حملہ


واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) — ہالی ووڈ اور مارول فلموں کے معروف اسٹار مارک رفالو کا پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس کے ساتھ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب اداکار نے کمپنی کے وارنر برادرز ڈسکوری (ڈبلیو بی ڈی) کے ساتھ ۱۱۱ ارب ڈالر کے انضمام پر تنقید کی، جس کے جواب میں کمپنی نے ان پر ”یہود مخالف فرسودہ خیالات“ (antisemitic tropes) استعمال کرنے کا الزام عائد کر دیا۔
غزہ میں اسرائیلی اقدامات کے دیرینہ ناقد رفالو نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس کے سی ای او ڈیوڈ ایلیسن اور ان کے والد لیری ایلیسن کی کمپنی اوریکل کے مابین روابط کی نشاندہی کی، جو دہائیوں سے اسرائیلی فوج کو سافٹ ویئر فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اوریکل کی ایگزیکٹیو صفرا کیٹز کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء کے حملے کے بعد اسرائیل کو فراہم کی گئی ٹیکنالوجی پر گفتگو کر رہی تھیں، اور الزام لگایا کہ لیری ایلیسن اپنے بیٹے کی وارنر برادرز کے حصول میں مالی معاونت کیلئے اوریکل کا استعمال کر رہے ہیں۔
پیراماؤنٹ نے سنیچر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری تنازع کی آڑ میں یہود مخالف فرسودہ خیالات کا سہارا لینا تشویشناک ہے، اور کارپوریٹ معاہدے کیلئے ”نسل کشی“ یا ”اپارتھائیڈ“ جیسے الفاظ کا استعمال حقیقی مصائب کی قدر کم کرتا ہے۔
اسی روز جوابی وار کرتے ہوئے رفالو نے کہا کہ ”اسرائیلی وزیرِ اعظم کے اقدامات، فوجی ٹیکنالوجی کے معاہدے یا اسے فراہم کرنے والے ایگزیکٹیوز پر تنقید کرنا یہودی لوگوں پر تنقید کرنے کے مترادف نہیں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیالات سیاسی نظریات سے جنم لیتے ہیں، نہ کہ یہودی لوگوں سے دشمنی سے، اور اداریاتی آزادی و ملازمتوں پر انضمام کے اثرات کے پیشِ نظر ایلیسن خاندان کے کاروباری معاملات پر سوال اٹھانا ”منصفانہ اور ضروری“ قرار دیا۔
پیراماؤنٹ نے مزید تبصرے سے انکار کر دیا، جبکہ یہودی ادارے سائمن ویزنتھل سینٹر نے کمپنی کے مؤقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ”تعصب کو سیاسی یا کارپوریٹ تنقید کا بھیس بدلنے کی اجازت دینے سے انکار کیا۔“

متعلقہ پوسٹ