پمز اسپتال واقعہ؛ وزیراعظم کا شدید برہمی کا اظہار، سیکرٹری صحت معطل
اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے پر سخت ترین کارروائی کے احکامات دیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو معطل کردیا جب کہ اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پمز اسپتال میں آتشزدگی کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے افسوسناک واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے واقعے کے ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے اجلاس کے دوران سیکرٹری صحت کو معطل کردیا اور انہیں اجلاس سے جانے کا کہا۔
وزیراعظم نے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر والدین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے پر دل رنجیدہ ہے اور وہ غمزدہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
اعلیٰ سطحی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل
وزیراعظم نے پمز آتشزدگی کے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان انکوائری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جب کہ کمیٹی واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔

