میڈرڈ/غزہ: اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے غزہ میں فلسطینی بچی لیان اور مقامی فنکاروں کی جانب سے بنائی گئی ان کی دیوار گیر تصویر (میورل) پر جذباتی انداز میں شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ میورل اسرائیل کی جاری جنگ کے دوران فلسطین کے ساتھ اسپین کی یکجہتی کے اعتراف کے طور پر تیار کیا گیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں سانچیز نے کہا: "میں لیان اور غزہ کے تمام مقامی فنکاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ کی محبت اور اعتماد میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ غزہ میں بچوں اور خاندانوں کے بارے میں مسلسل سوچتے رہتے ہیں اور اسپین کے عوام ان کی تکلیف سے بے خبر نہیں۔ سانچیز نے کہا: "اسپین کے لوگ آپ کی آواز سنتے ہیں، آپ کو دیکھتے ہیں، آپ کی پروا کرتے ہیں اور آپ کو کبھی نہیں بھولیں گے۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ غزہ کے بچے جلد امن کے ماحول میں زندگی گزار سکیں گے اور اسکول جا سکیں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سانچیز نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ وہ اپنے دفتر میں غزہ کے ایک بچے کی بنائی گئی تصویر رکھتے ہیں۔ اسپین ان یورپی ممالک میں شامل ہے جنہوں نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا اور جنگ بندی، انسانی امداد کی رسائی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کا بارہا مطالبہ کیا ہے۔ سانچیز کا یہ ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا۔

