نیپال: ‘اے آئی’ سے جعلی عطیہ رسید بنا کر فراڈ کرنے والا شخص گرفتار

nepls 3109 d


کھٹمنڈو: نیپال پولیس نے رامے چھاپ ضلع میں ایک ۳۲ سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرکے سیلاب زدگان کے لیے دیئے گئے عطیات کی جعلی رسید تیار کی اور امدادی رقم اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی کوشش کی۔ ملزم کی شناخت بھگوان کارکی کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے ای-سیوا کا جعلی ٹرانزیکشن اسٹیٹمنٹ بنایا، جس میں دکھایا گیا کہ اس نے وزیراعظم کے ڈزاسٹر ریلیف فنڈ میں ایک لاکھ بیس ہزار نیپالی روپے (تقریباً ۷۸۲ ڈالر) جمع کرائے ہیں۔ اس نے یہ جعلی رسید سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے خود کو بھوٹے کوشی سیلاب متاثرین کا بڑا مددگار ظاہر کیا، لیکن ساتھ ہی اپنا ذاتی کیو آر کوڈ اور بینک تفصیلات شیئر کیں تاکہ لوگوں کی امدادی رقم براہِ راست اس کے اکاؤنٹ میں چلی جائے۔
رامے چھاپ کے پولیس انسپکٹر کمل راؤت نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے خلاف دھوکہ دہی اور ڈجیٹل بدعنوانی کے قوانین کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب نیپال میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کے لیے اربوں روپے کے عطیات جمع کیے جا رہے ہیں۔ حکومت نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ کیو آر کوڈز پر رقم نہ بھیجیں اور صرف سرکاری تصدیق شدہ ریلیف فنڈ میں ہی عطیات جمع کروائیں۔

متعلقہ پوسٹ