ریاض: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تجربہ کار سفارت کار ڈاکٹر منال حسن رضوان کو مذاکرات اور امن کی کوششوں کیلئے مشیر اور خصوصی ایلچی مقرر کر دیا ہے۔ ۲۵؍ سالہ سفارتی تجربہ رکھنے والی ڈاکٹر رضوان اب عالمی فورمز پر سعودی عرب کی جانب سے دوطرفہ اور کثیرالجہتی امن مذاکرات کی نمائندگی کریں گی۔ امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے اس تقرری کو ’’مملکت کی خواتین کیلئے قابلِ فخر سنگِ میل‘‘ قرار دیا۔
ڈاکٹر رضوان وزارت خارجہ میں وزیرِ مفوض رہ چکی ہیں اور اقوام متحدہ، واشنگٹن اور قاہرہ میں سعودی مشنز میں اہم خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ سعودی وزارت خارجہ کی مذاکراتی ٹیم کی سربراہ بھی رہیں اور مئی ۲۰۲۵ء میں فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق اقوام متحدہ کانفرنس کیلئے سعودی وفد کی قیادت کرچکی ہیں۔ انہوں نے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اور جارج میسن یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے، جہاں انہوں نے پیس اسٹڈیز اور تنازعات کے حل میں پی ایچ ڈی کی۔

