فیفا میں بغاوت سر اٹھانے لگی، اٹلی نے بھی انفانتینو کی حمایت سے انکار کر دیا
متعدد ممالک کی قومی فٹبال فیڈریشنز بھی ان کی دوبارہ انتخابی حمایت واپس لے چکی ہیں
عالمی فٹبال تنظیم فیفا کے صدر گیانی انفانتینو کو بڑا دھچکا لگ گیا اطالوی فٹبال فیڈریشن نے ان کی ممکنہ دوبارہ صدارت کی حمایت واپس لینے کا اعلان کردیا۔
اطالوی فٹبال فیڈریشن (FIGC) نے کہا ہے کہ وہ آئندہ مارچ میں ہونے والے فیفا صدارتی انتخاب میں گیانی انفانتینو کی ممکنہ دوبارہ انتخابی مہم کی حمایت نہیں کرے گی۔
فیڈریشن کے صدر جیوانی مالاگو کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ فیفا کی گورننس اور بین الاقوامی مقابلوں کی ترقی سے متعلق انفانتینو کے حالیہ متنازع اقدامات کے باعث کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی، یوئیفا اور دیگر یورپی فٹبال فیڈریشنز کے ساتھ مل کر ایسے فٹبال نظام کے لیے کام جاری رکھے گا جو میرٹ، یکجہتی، پائیداری اور شائقین کی اہمیت پر مبنی ہو۔
گیانی انفانتینو کو حالیہ مہینوں میں شدید دباؤ کا سامنا ہے، خاص طور پر ان کے متنازع FIFA Forward Enterprise منصوبے کے بعد جس کے تحت ورلڈ کپ اور دیگر فیفا مقابلوں کے تجارتی حقوق سے متعلق کمپنی میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ دینے کی تجویز سامنے آئی تھی۔
شدید مخالفت کے بعد یہ منصوبہ واپس لے لیا گیا تاہم متعدد قومی اور براعظمی فٹبال تنظیمیں اب بھی انفانتینو کی قیادت پر سوالات اٹھا رہی ہیں۔
یوئیفا ایشین فٹبال کنفیڈریشن (AFC) اور کونکاکاف بھی انفانتینو کے خلاف تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں، جبکہ انگلینڈ، ویلز اور آئرلینڈ سمیت کئی قومی فٹبال فیڈریشنز بھی ان کی دوبارہ انتخابی حمایت واپس لے چکی ہیں۔
واضح رہے کہ گیانی انفانتینو 2016 سے فیفا کے صدر ہیں اور اطلاعات کے مطابق وہ آئندہ مارچ مراکش میں ہونے والی فیفا کانگریس میں ایک بار پھر صدارت کے لیے امیدوار بننے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

