کراچی والے ہوجائیں ہوشیار، شہر میں بادل برسنے کو ہیں تیار
بارشوں سے قبل کراچی میں آئندہ دو روز کے دوران شدید گرمی رہنے کا امکان ہے
کراچی: محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ معتدل درجے کی بارش کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال میں بننے والا نیا موسمیاتی نظام ڈپریشن کی شکل اختیار کر رہا ہے اور ہوا کا کم دباؤ شمال مغربی خلیجِ بنگال اور ملحقہ بھارتی ریاست اڑیسہ کے ساحلی علاقوں پر موجود ہے۔
مذکورہ موسمیاتی نظام کے مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے جس کے زیرِ اثر کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں سے قبل کراچی میں آئندہ دو روز کے دوران شدید گرمی رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران سمندری ہوائیں معطل رہ سکتی ہیں اس دوران شہر میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارشوں کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

