استنبول — استنبول کے توپ قاپی محل کے "مقدس تبرکات کے حجرے” میں گزشتہ پانچ صدیوں سے ۲۴ گھنٹے مسلسل قرآن پاک کی تلاوت کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ یہ روایت عثمانی سلطان یاووز سلطان سلیم اول کے دور میں ۱۵۱۷ء کی مصری مہم کے بعد شروع ہوئی، جب انہوں نے مقدس تبرکات استنبول لائے جانے پر ۳۹ حفاظ کے ساتھ خود چالیسویں حافظ کے طور پر تلاوت کا آغاز کیا۔ توپ قاپی پیلس ڈپارٹمنٹ کے سربراہ الہان کوکامان کے مطابق یہ سلسلہ آج تک قائم ہے۔
اس وقت ۲۸ حافظ قرآن باری باری ۴۵ منٹ سے ایک گھنٹے تک تلاوت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں روزانہ ایک مکمل قرآن اور سالانہ ۳۶۵ قرآن مکمل ہوتے ہیں۔ رمضان میں "دستمال کی تقریب” کے دوران پورے سال کی تلاوتوں پر اجتماعی دعا کی جاتی ہے۔
محل کے اندرون صحن میں واقع اسی حجرے میں رسول اللہ ﷺ کی چادرِ مبارک، تلوار، خطوط، دندانِ مبارک کا ٹکڑا، موئے مبارک، قدمِ مبارک کا نشان، خلفائے راشدین کی تلواریں اور خانہ کعبہ کی چابیاں محفوظ ہیں۔ کوکامان نے بتایا کہ چادرِ مبارک والے کمرے کی صفائی سے حاصل خاک کو بھی احتراماً ایک خصوصی کنویں میں دفن کیا گیا۔ موجودہ حافظ خلیل ابراہیم اکگون کے مطابق: "ہم ماضی اور مستقبل کے درمیان ایک پل ہیں۔”

